ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مشرق وسطیٰ: مقبول ترین موبائل ایپ ’جاسوسی کا آلہ‘ہیں: رپورٹ 

مشرق وسطیٰ: مقبول ترین موبائل ایپ ’جاسوسی کا آلہ‘ہیں: رپورٹ 

Tue, 24 Dec 2019 19:15:01    S.O. News Service

قاہرہ / 24 دسمبر (آئی این ایس انڈیا)مشرقی وسطیٰ میں تحریر اور ویڈیو میسیج کی ایک مقبول ترین موبائل ایپ ’ٹوٹاک‘ کو لاکھوں صارفین کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان خبروں کے بعد ایپل اور گوگل نے یو اے ای میں بنائی گئی اس ایپ کو ہٹا دیا ہے۔سائبر سکیورٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’ٹوٹاک‘ ایپ اس انداز سے ڈیزائن کی گئی ہے کہ پیچھے سے کچھ کیے بغیر ہی صارف کی نقل و حرکت اور اس کی تمام باتوں کی با آسانی جاسوسی کی جا سکتی ہے۔ اس سے متعلق معروف اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ نے اتوار کو ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی، جس میں اس ایپ کو ’جاسوسی کا آلہ‘ قرار دیا گیا تھا۔اخبار کا کہنا ہے کہ کو ئی بھی شخص، جو اس ایپ کو اپنے فون میں انسٹال کرے، اس کی نقل و حرکت، تمام بات چیت، تعلقات، اپوائنٹمنٹ، آواز اور تصاویر جیسی تمام چیزوں کو بآسانی ٹریک کیا جا سکتا ہے۔ اخبار نے اس بارے میں امریکی خفیہ ایجنسیوں کے ان حکام کا حوالہ بھی دیا، جن کو خفیہ معلومات تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ یہ ایپ متحدہ عرب امارت، یورپ امریکا اور خاص طور پر مشرق وسطی سمیت کئی خطوں میں کثرت سے استعمال ہوتی رہی ہے، جو اب بعض فونز میں عارضی طور پر دستیاب نہیں ہے۔ دوسری جانب گوگل اور ایپل جیسی بڑی کمپنیوں نے اس رپورٹ کے بعد اس ایپ کو اپنے ڈاؤنلوڈ اسٹورز سے ہٹا دیا ہے۔متحدہ عرب امارات میں اسکائپ اور واٹس ایپ جیسی کئی دیگر ایپس پر پابندی عائد ہے، اس لیے بیشتر مقامی لوگوں میں متبادل کے طور پر یہ ’ٹوٹاک‘ کافی مقبول ہے۔  اتوار کے روز ’ٹوٹاک‘ نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ بعض تکنیکی خرابیوں کے سبب اس کے اسٹور میں عارضی طور پر یہ ایپ اب دستیاب نہیں ہے۔ لیکن اس میں یہ بھی کہا گیا کہ سیمسنگ، ہواوے اور زیاؤمی جیسے فون میں یہ اب بھی دستیاب ہے۔نیویارک ٹائمز نے اس سے متعلق سائبر سکیورٹی کے معروف محقق پیٹرک وارڈلے سے بات چیت کی تھی۔ مسٹر پیٹرک نے اس پر اپنا تفصیلی تجزیہ پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا تجزیہ بتاتا ہے کہ ’ٹوٹاک‘ وہی کرتی ہے، جس کے لیے اسے ڈیزائن کیا گیا ہے۔


Share: